کراچی میں مسیحی نوجوان نے جھگڑے کے بعد چرچ کو آگ لگادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی مدینہ کالونی میں مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران چرچ کو آگ لگا دی گئی، فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پرپہنچ کرآگ پرقابو پا لیا،کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چرچ میں آتشزدگی کا واقعہ چرچ کے پادری اور پڑوسی نوجوان کے درمیان جھگڑے کا شاخسانہ ہے، پولیس اس حوالے سے تفتیش کررہی ہے۔
ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان نے بتایا کہ زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی نمبر3 مدینہ کالونی میں واقع مکان میں قائم چرچ میں آگ بھڑکنے کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اورفوری طور پرفائر بریگیڈ کے عملے کوطلب کرلیا گیا، جس پرفائربریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پرپہنچ گئی اور فوراً ہی آگ پرقابوپا لیا، آتشزدگی سے چرچ میں موجود سامان جل گیا ،تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ چرچ میں آگ مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران لگائی گئی، چرچ کے پادری ناصر اور پڑوسی نوجوان سنی کے درمیان کسی بات پرجھگڑا چل رہا ہے، سنی نامی نوجوان کا تعلق بھی مسیحی برادری سے ہے۔
نوجوان سنی کا الزام ہے کہ پادری ناصر نے خود چرچ کو آگ لگائی جب کہ پادری ناصر کا الزام ہے کہ نوجوان سنی نے چرچ کو آگ لگائی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس موقع پر موجود ہے اور واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کررہی ہے۔