بلوچستان کے شہر گوادرکے ساحل پر سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کا خطرہ ٹلنے کے بعد سمندر میں ڈوبی ہوئی کشتیوں کے باقیات نکالنے کا کام جاری ہے، جبکہ شہر میں گزشتہ36گھنٹوں سے معطل بجلی جزوی طورپربحال ہونا شروع ہوگئی۔
محکمہ آب رسانی نے بتایا کہ آنکاڈہ ڈیم میں ایک سال کے لیے پانی جمع ہوگیا، سوڑ اور شادی کور ڈیموں میں بھی وافر مقدار میں پانی جمع ہوگیا ہے۔
سمندری طوفان شاہین عمان کے ساحل سے ٹکرا گیا
دوسری جانب سمندری طوفان شاہین عمان کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے۔ ملک میں کئی پروازیں منسوخ منسوخ کر دی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان آج اتوارکی صبح سلطنت عُمان کے ساحل سے ٹکرایا، متعدد جگہوں پر سیلابی صورت حال ہے، موسلا دھار بارشوں اور تیز آندھی کی تصاویر و وڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
عُمان کی شہری ہوابازی کی ایجنسی نے کہا ہے کہ قومی قدرتی آفات پیشگی انتباہی مرکز کی تازہ سیٹلائٹ تصاویر اور موسمی چارٹس کے تجزیے سے پتا چلا ہے کہ سمندری طوفان ’’شاہین‘‘ شدت اختیار کرچکا ہے اور اب وہ سمندری طوفان کی کیٹگری ایک میں شامل ہے۔
عمان میں حکام نے سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے خراب موسمی حالات کے پیش نظر اتوار اور پیر (3 اور 4 اکتوبر) کو ملک بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
عمان کی خبررساں ایجنسی نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’3 اور 4 اکتوبر 2021 کو سلطنت میں نامساعد آب وہوا کے حالات کے پیش نظر ظفاراورالوسطیٰ کی گورنریوں کے سوا ریاستی انتظامی محکموں، دیگر قانونی اداروں اور نجی شعبے کے اداروں کے ملازمین کے لیے سرکاری تعطیل ہوگی۔‘‘
موسمیاتی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ طوفان عمان پراثرانداز ہونے کے بعد خلیج عرب کی طرف بڑھے گا اوراس سے قطر بھی متاثر ہوسکتا ہے۔