اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا لیکس میں شامل افراد کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پنڈورا لیکس میں شامل تمام افراد کی تحقیقات کرے گی۔اگر اس دوران کوئی غیر قانونی پریکٹس پائی گئی تو ان کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پنڈورا لیکس کو خوش آمدید کہتے ہیں،اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے مطابق سات ٹریلین کی رقم آف شور کمپنیوں میں لگائی گئی ہے۔ اشرافیہ کی غیر قانونی دولت منظرعام پرلانےکوسراہتے ہیں۔ منی لانڈرنگ،ٹیکس چوری کیلیے آف شور کمپنیاں جنت ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ میں نے اپنی بیس سال جدوجہد کے دوران جانا ہے کہ ملک غریب نہیں ہوتے مگر کرپشن کی وجہ سے غریب ہوتے ہیں کیونکہ کرپش کی وجہ سے رقم لوگوں پر خرچ نہیں ہوتی۔جیسے ایسٹ انڈیا کمپنی نے برصغیر کی دولت کو لوٹا ایسے ہی حکمرانی کرنے والے لوگ ملکوں کو لوٹ رہے ہیں۔بدقسمتی سے بڑے ممالک اس پریکٹس کو روکنا نہیں چاہتے۔میری دنیا سے اپیل ہے کہ اس چیز سے ایسا ہی نپٹا جائے جیسا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نپٹا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ پنڈورا پیپرز میں مجموعی طور پر 200 سے زائد ممالک کی 29 ہزار سے زائد آف شور کمپنیوں کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ پنڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ پنڈورا پیپرز میں 45 ممالک کے 130 سے زائد ارب پتی افراد کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔