اسلام آباد:سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی اپیل خارج کردی گئی ، عدالت نے اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کیا۔
سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی اپیل کی سماعت کی ، توہین عدالت کی درخواست احسن عابد نامی شہری نے وفاقی وزیر خسرو بختیار کے خلاف انکوائری مکمل نہ کرنے پردائرکی گئی تھی۔
درخواست گزارکی جانب سے عدالت میں کہا گیا کہ نیب نے مئی 2020میں انکوائری مکمل کرنے کا بیان دیا تھا مگر تین ماہ میں انکوائری مکمل نہ کر کے عدالت کی توہین کی گئی لہٰذا چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔
جسٹس مظہر نے ریمارکس دیے کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ انکوائری مکمل نہ ہونے پر توہین عدالت لگے ؟۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائیکورٹ کہتا ہے کہ میری توہین نہیں ہوئی تو عدالت کیسے کہہ دے کہ ہائیکورٹ کی توہین ہوئی ہے ؟۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے جواب دیا کہ انکوائری رپورٹ پر فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں ہوگا۔عدالت نے اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔