عمر شریف کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے متصل قبرستان میں کی جائے گی ۔فائل فوٹو
عمر شریف کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے متصل قبرستان میں کی جائے گی ۔فائل فوٹو

جرمنی میں عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

نور برگ۔ جرمنی کے مقامی اسپتال نےعمرشریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا اورمیت ورثا کے حوالے کردی۔

عمرشریف کی میت کو مقامی ترک مسجد منتقل کردیا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی،مولانا اشرف قادری نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی،فرینکفرٹ میں قونصل جنرل پاکستان زاہد حسین اور دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین تین گھنٹے کی مسافت طے کرکے نیورمبرگ پہنچے۔ عمر شریف کے دنیا بھر سے مداحوں کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔ ان کی میت کو ممکنہ طورپرقطر ایئر ویز کے ذریعےکل پاکستان  روانہ کیا جائے گا۔

خیال رہےکہ عمر شریف گذشتہ روز جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔

مرحوم اداکار کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ عمر کی یہ خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے، میں شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سندھ حکومت نے ان کی اس خواہش کو پورا کیا۔

زرین غزل نے کہا کہ میں نے مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کا نماز جنازہ پڑھائیں اور انہوں نے اسے قبول بھی کر لیا ہے۔