"حارث رؤف" کا نام لینانعمان نیاز کو پسند نہیں آیا۔فائل فوٹو
"حارث رؤف" کا نام لینانعمان نیاز کو پسند نہیں آیا۔فائل فوٹو

شعیب اخترکی لائیو پروگرام میں لائیو بے عزتی۔اینکر نے اسٹوڈیو سے نکال دیا

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) اسپورٹس کے اینکر پرسن  ڈاکٹر نعمان نیاز نے تجزیہ پسند نہ آنے پر شعیب اختر کو اسٹوڈیو سے نکلنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی وی پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے دوران تجزیے کے دوران ڈاکٹر نعمان نیاز نے سابق فاسٹ باؤلر کی براہ راست نشریات کے دوران بے عزتی کردی اورانہیں اسٹوڈیو چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

شعیب اختر لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی بات کر رہے تھے۔ اس دوران نعمان نیاز نے کہا کہ شاہین آفریدی پاکستان کیلیے اچھا کھیلے ہیں۔ اس پر شعیب اختر نے کہا کہ "سرمیں حارث رؤف کی بات کر رہا ہوں۔”

شعیب اختر کا” سر” کہنا یا شاید "حارث رؤف” کا نام لینانعمان نیاز کو پسند نہیں آیا اور انہوں نے اسپیڈ اسٹارکی لائیو نشریات میں بے عزتی کردی۔ حارث رؤف کا نام لینے پر نعمان نیازنے اچانک کہا "آپ بدتمیزی کر رہے ہیں، آپ اوور اسمارٹ ہو رہے ہیں۔” اس پر شعیب اختر ہنسنے لگے اور سمجھا کہ شاید ایسے ہی مذاق میں بات ہو رہی ہے لیکن نعمان نیاز نے کہا کہ "آپ سٹوڈیو چھوڑ کر جاسکتے ہیں ، میں یہ بات لائیو کہہ رہا ہوں۔”

پہلے تو شعیب اختر کو سمجھ ہی نہیں آئی کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے لیکن جب نعمان نیاز نے ” میں یہ بات لائیو کہہ رہا ہوں” کہا تو شعیب اختر کو سمجھ آگئی، انہوں نے ایکسیوز می ہی کہا تھا کہ نعمان نیاز نےوقفہ لے لیا۔

وقفے کے دوران ممکنہ طور پر سٹوڈیو میں موجود سینئر کھلاڑیوں سر ویون رچرڈ، عاقب جاوید، اظہر محمود اورعمر گل نے معاملہ حل کرادیا کیونکہ میچ کے خاتمے کے بعد شعیب اختر پی ٹی وی اسپورٹس کے اسٹوڈیو میں بیٹھے تجزیہ کرتے ہوئے نظر آئے۔

سرکاری ٹی وی پرڈاکٹر نعمان کی بدتمیزی، شعیب اخترکا ویڈیو پیغام

سرکاری ٹی وی پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا ویڈیو پیغام سامنے آ گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق شعیب اختر کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نعمان نیاز کا رویہ ناقابل برداشت تھا، مجھے لائیو شو میں چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔ان کا کہنا تھا مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ڈاکٹر نعمان نے ایسا کیوں کہا، قومی ٹی وی پر ایک اسٹار کی یوں توہین مناسب نہیں، بریک پر مجھے اندازہ ہوا کہ غیر ملکیوں کے سامنے کیا امیج جائے گا، ڈاکٹر نعمان سے کہا کہ کسی طرح معاملے کو ختم کریں۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ معاملے کو ختم کرنے کے لیے میں نے کہا کہ ہم مذاق کر رہے تھے، میں نے ڈاکٹر نعمان سے کہا کہ کہ معذرت کر لیں لیکن جب انہوں نے معذرت نہیں کی تو میں نے شو چھوڑ دیا۔شعیب اختر کا کہنا تھا میں نے معاملے کو پروگرام میں سنبھالنے کی کوشش کی مگر ڈاکٹر نعمان نے میری توہین کی، غیر ملکی اسٹارز اور قومی اسٹارز کیا سوچیں گے کہ یہ کیا ہو رہا ہے، ڈاکٹر نعمان نے معافی نہیں مانگی اس لیے میں نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔