کالعدم مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان اوروفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے جس کے بعد اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا پھرآغاز کردیا گیا،حکومت نے راستے اورانٹر نیٹ سروس بند کر دی،عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سادھوکی کے مقام پر پولیس نے قافلے کے شرکا کو روکنے کی کوشش کی اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔پولیس اہلکاروں اور تحریکِ لبیک کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔کارکنوں نے پولیس کی چھ گاڑیوں کو بھی قبضے میں لے لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تازہ جھڑپوں میں قصور پولیس سے تعلق رکھنے والے اے ایس آئی اکبرجاں بحق ہو گئے اوردرجنوں پولیس اہلکاروں سمیت افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتل کر دیا گیا ہے۔
ادھر گوجرانوالہ شہر کے دونوں اطراف جی ٹی روڈ آج چھٹے روز بھی بند ہے، سادھوکی کے مقام پر جی ٹی روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔
پولیس نے کالعدم تنظیم کی ریلی کو اسلام آباد جانے سے روکنے کے لیے نئی حکمتِ عملی کے تحت 6 اضلاع کی نفری مریدکے روانہ کردی ہے۔
مارچ کے روٹ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی مرکزی شاہراہوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔
رکاوٹوں کے باعث اسکول کالج جانے والے طلباء و طالبات پریشان ہیں، جڑواں شہروں میں نوکری پیشہ اور دیہاڑی دار مزدور مشکلات کا شکار ہیں۔راستوں کی بندش سے مسافر پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں جبکہ مریضوں کا اسپتال جانا مشکل ہو گیا ہے۔
فیض آباد سے سکستھ روڈ تک پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، متبادل راستوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند کر دی گئی ہے، اسلام آباد میں میٹرو سروس کھلی ہے۔
میٹرو بس کی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی میں صدر سے فیض آباد تک میٹرو سروس معطل کی گئی ہے، اسلام آباد میں آئی جے پی روڈ سے سیکریٹریٹ تک میٹرو بس چلے گی۔
میٹرو بس کی انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے متوقع احتجاج کے باعث میٹرو بس سروس پنڈی میں تا حکمِ ثانی بند رہے گی۔
جمعے کواس لانگ مارچ کے آغاز کے بعد سے اب تک جھڑپوں میں دو پولیس اہلکارجاں بحق اور80 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جبکہ تحریکِ لبیک کی جانب سے بھی اپنے متعدد کارکنوں کی ہلاکت اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
قافلے کو روکنے کے لیے اسلام آباد کی جانب جانے والی شاہراہوں پر بھی جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں جبکہ سادھوکی کے قریب سڑک پر بڑے بڑے گڑھے کھود کر راستے مسدود کیے گئے ہیں۔ سادھوکی جی ٹی روڈ پہلے ہی سے مٹی سے بھرے کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی تھی۔