مطالبات پورے ہونے تک لانگ مارچ بدستور وزیرآباد میں ہی رہے گا۔فائل فوٹو
مطالبات پورے ہونے تک لانگ مارچ بدستور وزیرآباد میں ہی رہے گا۔فائل فوٹو

کالعدم ٹی ایل پی نے جی ٹی روڈ خالی کر دیا ۔ دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

لاہور:حکومت سے کامیاب مذاکرات کے باوجود کالعدم ٹی ایل پی کے کارکن وزیرآباد میں موجود ہیں اور انہوں نے جی ٹی روڈ خالی کر دیا اور قریبی پارک میں ڈیرے ڈال دیے ہیں،کالعدم تحریک لبیک کی مرکزی شوریٰ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدے میں موجود مطالبات پورے ہونے تک لانگ مارچ بدستور وزیرآباد میں ہی رہے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کے ساتھ معاہدے کے بعد کالعدم ٹی ایل پی کے کارکن وزیرآباد جی روڈ سے قریبی پارک میں منتقل ہوگئے ہیں۔ کالعدم تنظیم کے احتجاج سے بند جی ٹی روڈ کو بتدریج ٹریفک کے لیے کھولا جا رہا ہے اور چھوٹی ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ دریائے جہلم پر چھوٹی گاڑیوں کے گزرنے کیلیے راستہ بنا دیا گیا تاہم سیکیورٹی کی بھاری نفری تاحال تعینات ہے۔

دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے ٹی ایل پی کی شوری کے اراکین کے ہمراہ وزیرآباد میں موجود ٹی ایل پی کے قافلے کے شرکا سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مجلسِ شوریٰ کے دو اراکین ڈاکٹر محمد شفیق امینی اور پیر سید ظہیر الحسن شاہ کو رہا کردیا ہے۔ جب تک حکومت 50 فیصد مطالبات نہیں مانے گی تب تک یہ دھرنا قریبی پارک میں جاری رہے گا،آج جی ٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا جائے گا اوراراکین شوریٰ کی مشاورت کے بعد شرکاء قریب پارک میں چلے جائیں گے۔

علامہ سعد حسین رضوی کی رہائی کے بعد یہ دھرنا مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا، اگر آج کے بعد کسی کارکن یا رہنما کی گرفتاری ہوئی تو یہ معاہدہ ختم سمجھا جائے گا، ہمیں کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہم سے بڑا کوئی محب وطن نہیں ۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ اگر حکومت نے مذاکرات میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو حکومت سن لے اس زیادہ بھرپور طاقت کے ساتھ آئیں گے، دنیا میں سب سے مقبول مذہب اسلام ہے۔

انہوں نے دھرنے کے شرکا سے کہا کہ میں آپ کی پشت پر کھڑا ہوں اور رہوں گا، آپ نے متحد اور منظم رہنا ہے، سراج الحق اورمولانا فضل الرحمن نے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، جہاں قیادت کہے گی وہاں منتقل ہونا ہے، یہ سفر کا آغاز ہے اختتام نہیں، تحریک لبیک کےساتھ کالعدم کا لفظ ختم ہوجائے گا، کالعدم لفظ ہٹنے میں ایک ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے، ہم نےمراحل طے کررکھے ہیں، اللہ نے آپ کو بہت بڑی فتح سے نوازا ہے۔