کراچی:سندھ ہائی کورٹ نے 4منزلہ پورشن مکہ ٹاور کیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا جو بھی عمارت غیر قانونی ہوگی، سب گرانا پڑیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس ظفر راجپوت نے کہا جی صاحب آپ کے ادارے کی کارکردگی صفرہے، فیصلے دیتے ہیں مگر کوئی عمل نہیں ہوتا،بے شک ایس بی سی اے پورا خالی ہو جائے اب کارروائی ہوگی۔
جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ڈی جی سے مکالمے میں کہا یہ بلڈنگزکیسےبن رہی ہیں؟ جب بلڈنگزبنتی ہیں تو افسران سو رہے ہوتے ہیں ، بتائیں، ذمہ دار افسران کیخلاف کیا کارروائی کی؟
جسٹس ظفر راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کےافسران کیخلاف نیب کارروائی تک جاسکتے ہیں، آپ کے افسران کے اثاثے بھی چیک کرائیں گے، آپ نمائشی کارروائی کرکےرپورٹ جمع کرادیتےہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ مکہ ٹاور بلڈرز کے خلاف کیا کارروائی کی؟ ڈی جی ایس بی سی اے نے بتایا بلڈر کیخلاف کارروائی آج کرلیں گے۔
جسٹس ظفراحمد راجپوت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا پہلے کیا سو رہے تھے؟ آپ یہاں کھڑے ہیں کہ آپکےافسرعمل نہیں کر رہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے 4منزلہ پورشن مکہ ٹاورکیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا جو غیرقانونی ہے سب توڑیں اورایک ماہ میں رپورٹ دیں۔
عدالت نے پریڈی اسٹریٹ پر مکہ ٹاور کیخلاف کارروائی ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ، جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کہ اب ہر کیس میں ایسا ہی فیصلہ ہوگا جبکہ جسٹس ظفر احمد راجپوت کا کہنا تھا کہ جو بھی عمارت غیر قانونی ہوگی، سب گرانا پڑیں گی۔