کراچی: حکومت کی یقین دہانی پر پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 5 نومبرکی ہڑتال کی کال واپس لے لی،وفاقی وزیرحماد اظہر سے مذاکرات کامیاب ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے15روز کی مہلت مانگی ہے مطالبات کوای سی سی کی میٹنگ میں رکھا جائے گا۔
اس سے قبل پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہےاور ڈیلرزکے کمیشن میں طے شدہ اضافہ گزشتہ 17برس سے نہیں کیا جارہا،حکومت کے ساتھ تین نومبر کو اسلام آباد میں اجلاس ہے جس میں کمیشن نہ بڑھایا گیا تو پانچ نومبر سے ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کر دیے جائیں گے۔
کراچی پریس کلب میں ایسوسی ایشن کے رہنماؤں ملک خدا بخش، طارق حسن،راجہ انور،انورکمال، امیر خان محسو د،محمود عالم غوری،عارف محمود،ڈاکٹر شاہ زیب رند، محمد افضال،سعید خانجی سمیت دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعبدالسمیع خان نے کہا کہ ہم عرصہ دراز سے کوششیں کررہے ہیں کہ ہمارا مارجن بڑھایا جائے تاہم حکومت اور وزارت پٹرولیم اس پر توجہ ہی نہیں دے رہی، جس کی وجہ سے ہم مجبور ہو کر احتجاج کرنے کا قانونی، اخلاقی اور شرعی حق استعمال کر رہے ہیں،وزارت پڑولیم سمیت ہماری کہیں بھی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ ایک جانب حکومت پاکستان دو ماہ کے دوران چارسےپانچ مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے جبکہ دوسری جانب پٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن کو نہیں بڑھایا جارہا،حکومت نے ہمارے ساتھ پانچ فیصد کمیشن بڑھانے کاوعدہ کیا تھا جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، موجودہ حالات میں ہر چیزکی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہمارے روز مرہ کے اخراجات میں اضافہ ہو چکا ہے، بجلی کے بل بڑھ گئے ہیں، ملازمین کی تنخواہوں میں کم سے کم ویج بورڈنے اضافہ کر دیا ہے
انہوں نے کہا کہ سوشل سیکیورٹی نے کنٹری بیوشن بڑھا دیا ہے، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی)نے بھی کنٹری بیوشن بڑھا دیا ہے، ورکر ویلفیئر بورڈ نے بھی فنڈز بڑھا دیے ہیں گورنمنٹ کی سالانہ فیسیں بڑھ چکی ہیں، سیلز ٹیکس اور لوکل ٹیکسز بڑھ گئے مگر 2004سے اب تک ہمارا کمیشن نہ بڑھ سکا۔
پٹرول پمپ مالکان نے مطالبہ کیا کہ حکومت کم از کم کمیشن میں چھ فیصد اضافہ کرے اور یہ اضافہ رواں ماہ سے نافذ العمل کیا جائے اور یہ اضافہ کرنے کے لئے کسی بھی قسم کا نیا ٹیکس عوام پر نہ لگائے، نہ ہی پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے ہمار ا کمیشن بڑھایا جائے بلکہ ٹیکسز کی مد میں کمی کرکے ہمارامارجن بڑھایا جائے تاکہ عوام کے لئے مسائل مزید نہ بڑھیں، حکومت لیوی اور سیلز ٹیکس کمی کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے تاکہ ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل و بروقت ترسیل کو یقینی بنایا جائے،ہماری وزیر اعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ پٹرولیم کا وزیر مقرر کریں کیوںکہ گزشتہ تین ماہ سے باقاعدہ کوئی پٹرولیم کا وزیر موجو د نہیں ہے جس کی وجہ سے حماد اظہر کو ایڈوائزر برائے پٹرولیم مقرر کیا گیا ہے۔