کراچی:سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اوران کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامرکے درمیان مبینہ طور پرعلیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جس کی ان کی جانب سے تردید بھی کی گئی لیکن اب حیران کن تبدیلی نے نئے سوالات اٹھا دیے ہیں ،شوبز کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سیدہ طوبیٰ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنا نام تبدیل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی پروفائل پر شوہرکا نام ہٹا کراپنے والد کا نام لگادیا ہے جس سے ان کا نام ’سیدہ طوبیٰ عامر‘ کے بجائے اب ’سیدہ طوبیٰ انور‘ ہوگیا ہے۔دوسری جانب سیدہ طوبیٰ اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالوکرنا بھی چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ عامر لیاقت حسین اور سیدہ طوبیٰ کے درمیان علیحدگی ہوگئی جس کے بعد عامر لیاقت نے ان خبروں کی تردید کردی تھی لیکن سیدہ طوبیٰ کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔
عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی تو 2018 میں اس وقت سامنے آئی جب الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف کاغذات نامزدگی میں دوسری اہلیہ کا ذکر نہ کرنے پر درخواست دائر ہوئی۔اس موقع پر عامر لیاقت حسین نے ای سی پی میں پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنی بیوی کے حوالے سے کچھ نہیں چھپایا، ابھی صرف ان سے نکاح ہوا ہے۔