پیٹرول کی قیمتوں میں رات گئے اچانک اضافے پر تاجروں نے فوری رد عمل دیتے ہوئے ہنگامی میٹنگ بلا لی گئی ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ آئے روز پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو جائے گا ۔ حکومت نے را ت تقریباً ایک بجے کے بعد پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے صدر محمد شرجیل گوپلانی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اچانک اضافہ کرنے پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوامی مشکلات میں کمی کرنے کے بجائے مہنگائی بم ماردیا ہے۔آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے دفتر میں عہدیداروں کی ہنگامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر کچھ دن بعد پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اشیاء ضروریات کی قیمتوں میں من مانا اضافہ ہوجاتا ہے۔ دو سال سے کورونا کی صورت حال میں لوگوں کی بڑی تعداد پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اور بے شمار لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔
کاروباری صورت حال بھی اچھی نہیں ہے۔ حکومت سب کے لیے مسلسل مشکلات میں اضافہ کررہی ہے۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اچانک اضافہ کردیا جبکہ عوام سوئی ہوئی تھی۔ حکومت نے را ت تقریباً ایک بجے کے بعد پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا اعلان کیا ، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب اور ریلیف پیکیج کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عملی طور پر مہنگائی کم کریں، ریلیف پیکیج کے نام پر 22کروڑ عوام کے ساتھ مذاق نہ کریں، کراچی کے عوام پہلے ہی وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ 162ارب اور 1100ارب کے پیکیجز کو بھگت رہے ہیں، گرین لائین بس پروجیکٹ کے آغاز کا بار بار اعلان کیا گیا لیکن تاحال اس کے چلنے کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے، سارے دعوے اور اعلانات ہوا میں غائب ہو جاتے ہیں۔ ہمیں حکومتی اعلانات کی نہیں بلکہ ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔
دوکروڑ خاندانوں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا گیا اور کہا جارہا ہے کہ یہ 13کروڑ لوگوں کو فائدہ پہنچائے گا۔ وزیراعظم نے ایک طرف عوام کو ریلیف اور سبسیڈی دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہہ دیا کہ پیٹرول تو مہنگا کرنا پڑے گا، اب ظاہر ہے کہ جب پیٹرول مزید مہنگا ہو گا تو مہنگائی کس طرح کم ہو سکے گی۔اس اجلاس میں جن عہدیداروں نے شرکت کی ان میں فیصل جان کبیر(سینئر نائب صدرآل سٹی تاجر اتحاد) سید محمد سعید(سینئر نائب صدرآل سٹی تاجر اتحاد) زاہد امین(نائب صدرآل سٹی تاجر اتحاد) طارق ممتاز(نائب صدر سٹی تاجر اتحاد) محمد زبیر علی خان(جوائنٹ سیکریٹری آل سٹی تاجر اتحاد) عثمان صدیقی (فنانس سیکریٹری آل سٹی تاجر اتحاد) حسیب اخلاق، چوہدری ایوب، حافظ طیب صدیقی وغیرہ شامل تھے۔