رائیونڈ تبلیغی اجتماع آج ختم ہوگا(فائل فوٹو)
رائیونڈ تبلیغی اجتماع آج ختم ہوگا(فائل فوٹو)

رائیونڈ اجتماع کے تیسرے روز شرکا 5 لاکھ سے متجاوز

عالمی تبلیغی اجتماع کے تیسرے روز شرکاء کی تعداد 5لاکھ سے تجاوز کرگئی ۔عالمی تبلیغی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالرحمان آف ممبئی،مولانا ربیع الحق ،مولانا عمر فاروق ،مولانا محمد ابراہیم ودیگرنے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی نبوت کے بعد امت کو مسائل کا آسان حل مل گیا ہے اس کے باجود امت نجات اور فلاح کیلئے رب کو چھوڑ کر سبب پر یقین کئے ہوئے ہیں ایمان اور یقین کی دعوت کو عام کرنا ہوگا۔

اللہ سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو جوڑنے کیلئے تبلیغ اور دعوت کو اپنانا ہو گا ساری کائنات کی بھلائی اور خیر خواہی کی تڑپ پیدا کرنا تبلیغی جماعت کا مشن ہے۔ کامیابی اور کامرانی کیلئے ہم دنیا کے آگے جھک رہے ہیں اپنے عظیم خالق اور مالک کو ناراض کرکے تمام مصیبتیں اور تکلیفیں اٹھا رہے ہیں۔ اس ناراض رب کو رات کی تاریکیوں میں رو رو کر منانا ہے ۔مسائل کا حل ہمارے پاس ساڑھے چودہ سوسال قبل آقائے کائنات ﷺدیکر گئے ہیں تاجر اپنی تجارت ،کسان اپنی زراعت ،ملازم اپنی ملازمت شریعت کے مطابق کرے تو اللہ رب العزت کے انعامات کی برسات ہوگی زندگی آسان ہو جائے گی۔

ہمیں اللہ کا قرب حاصل ہو گا اللہ کا بندہ بن کر جینا سیکھ لیا تو آسانی ہوگی ۔آج کا مسلمان بیمار ہو چکا ہے اسکا ایمانی پریشر کم ہو گیا ہے جسکی وجہ سے بے دینی پھیل رہی ہے گھروں سے برکتیں اٹھ گئی ہیں ماحول ناساز ہوگئے ہیں اولادیں نافرمان ہو چکی ہیں۔ رزق کی فراوانی کے باجود دلوں کو سکون اور اطمینان نہیں ان تمام بیماریوں اور مسائل کا حل دین اسلام کی مکمل پیروی اور سرور کائنات ﷺ کے فرمان میں مضمر ہے نجات اور فلاح کا راستہ ہمارے پاس ہیں اسکے باجود ہم جگہ جگہ دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ دین اسلام کی مکمل تابعداری اپنی خواہشات کا خاتمہ کرکے اللہ کے احکامات کے مطابق چلنے سے خوشحالی کی راہیں کھلیں گی ۔مسلمانوں کے ایمان کے پریشر کو بلند کرنے کیلئے دعوت کے کام کو بڑھانا ہوگا مساجد میں تعلیم کو عام کرنا ہوگا ۔اس اجتماع کی اختتامی نشست آج دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔