حکومت کو چاہیے کہ مقررہ مدت میں تحریک لبیک کے خون پرکیا گیا معاہدہ مکمل کرے۔فائل فوٹو
حکومت کو چاہیے کہ مقررہ مدت میں تحریک لبیک کے خون پرکیا گیا معاہدہ مکمل کرے۔فائل فوٹو

تحریک لبیک کا وزیرآباد میں جاری دھرنا ختم

لاہور: بالآخر تحریک لبیک پاکستان نے وزیرآباد میں گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنا ختم کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک لبیک پاکستان نے وزیرآباد میں گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، دھرنے میں موجود افراد کو وزیر آباد سے مسجد رحمت اللعالمین  پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹی ایل پی کے مرکزی رہنما صدام بخاری نے دھرنا ختم کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ کارکنان نے وزیرآباد سے واپس لاہور جامع مسجد رحمۃ اللعالمین کی طرف سفرکا آغاز کردیا۔

تحریک لبیک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے عین مطابق جیسے  مفتی منیب الرحمان نے گارنٹی دی ہم اب مسجد رحمتہ اللعالمین جائیں گے ، تحریک لبیک اپنے معاہدے پر قائم ہے اب عرس علامہ خادم حسین رضوی کی تیاری کی جائے گی ، عرس 19 تا 21 نومبر مرکز مسجد رحمتہ اللعالمین پر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عرس علامہ حافظ خادم حسین رضوی پرعلامہ سعد حسین رضوی ہمارے ساتھ ہونگے ، تحریک سے کالعدم ہٹ چکا ہے، فورتھ شیڈول ختم اور فرانسیسی سفیر کی بےدخلی کے لیے کمیٹی کے قیام پر کام شروع ہو چکا ہے ، تمام ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔

جاری کردہ بیان میں کہا کہ اب حکومت کو چاہیے کہ مقررہ مدت میں تحریک لبیک کے خون پرکیا گیا معاہدہ مکمل کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان پرعائد پابندی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا، جس کے بعد اب ٹی ایل پی اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکے گی تاہم ٹی ایل پی کے قائد سعد رضوی اب بھی سرکاری تحویل میں ہیں۔