لاہور:این اے 133 کے ضمنی انتخابات کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان نےجمشید اقبال چیمہ اور مسرت اقبال چیمہ کی اپیلوں پر سماعت سے معذرت کرلی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اوران کی کورنگ امیدوار مسرت چیمہ کے کاغذات نامزدگی کوالیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا ، الیکشن ٹریبونل نے بھی اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا جس پر جمشید اقبال چیمہ اوران کی کورنگ امیدوار مسرت چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کردی ۔
واضح رہے الیکشن کمیشن کی جانب سے جمشید اقبال اور مسرت جمشید کے کاغذات نامزدگی پر تجویز کنندہ کا تعلق متعلقہ حلقے سے نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تجویز کنندہ کا تعلق این اے 130 سے ہے ۔