اسلام آباد:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ سابق چیف جسٹس جی بی رانا شمیم نے حلف اٹھا کر بیان دیاہے، یہ بیان لندن میں ایک اوتھ کمشنرکے سامنے دیا گیاہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف ، مریم نواز کی جنرل الیکشن سے پہلے ضمانت نہیں ہونی چاہیے ۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو نااہل قرار دے کر سیاست سے الگ کردیا گیا ،ہم کب تک ملک کے مستقبل کے ساتھ کھیلیں گے ،رانا شمیم کے بیان پر یقین کرنا پڑے گا ،انہوں نے حلفیہ یہ بیان دیا ہے ، رانا شمیم اور ثاقب نثار سمیت تین ججز کو حقیقت کا علم ہے ،پاکستان کے عوام کو بھی سچ کا پتا چلنا چاہیے ۔
سابق وزیراعظم کا کہناتھا کہ اگر ملک کا چیف جسٹس سیاست میں ملوث ہو تو انصاف کہاں سے ملے گا ، دعا ہے کہ وہ ملوث نہ ہوں ،اگر رانا شمیم جھوٹ بول رہے ہیں تو سزا دی جائے ،اگر سچ بول رہے ہیں تو پھر ثاقب نثار کی جگہ جیل میں ہے، الیکشن کے عمل میں مداخلت ہو تو کیا ہم پوچھنے کا بھی حق نہیں رکھتے ؟ ۔ان کا کہناتھا کہ رانا شمیم نے لندن میں بغیر کسی دباﺅ کے اوتھ کمشنر کے سامنے بیان دیاہے ۔