لاہور: این اے 133 کے ضمنی انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید چیمہ اوران کی کورنگ امیدوار مسرت چیمہ کی اپیلیں لاہور ہائیکورٹ نے بھی مسترد کر دیں ۔جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا ۔
این اے 133 کے ضمنی انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جمشید اقبال چیمہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ان کی کورنگ امیدواران کی اہلیہ مسرت چیمہ تھیں ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی اعتراض لگا کر مسترد کر دیے گئے کہ حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں تجویز کنندہ کا تعلق حلقہ این اے 130 سے ہے لہذا دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جاتے ہیں ۔
جمشید اقبال چیمہ نے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل کی مگر ٹریبونل نے بھی الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا جس پر جمشید اقبال چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔لاہور ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کردی ۔