اسلام آباد:پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسپیکر اسد قیصر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے عبدالقادرمندو خیل میں تلخ کلامی ہوئی جس پر اسپیکر اسد قیصر غصے میں آگئے ۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری تھا ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نےاپنا خطاب مکمل کیا اور سیٹ پر بیٹھ گئے جس کے بعد اسپیکرکی جانب سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو خطاب کیلیے کہا گیا ۔ اس دوران عبدالقادرمندوخیل اپنی سیٹ چھوڑ کرآگئے اوراسپیکر سے تلخ کلامی کرنے لگے ۔
اسپیکراسد قیصر نے عبدالقادرمندوخیل سے کہا کہ اپنی حد میں رہیں اورتمیز سے بات کریں ، میں آپ کو ایوان سے باہر نکلوا دوں گا ۔ اسپیکرنے عبدالقادرمندوخیل کو باہر نکالنے کا بھی کہا ۔ اسپیکر نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنے ارکان اسمبلی کے رویے کا نوٹس لیں۔