اسلام آباد:الیکشن کمیشن نےعام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے قبل 14مراحل سے گزارنے کا عندیہ دے دیا۔
چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ای وی ایم کا استعمال آئندہ عام انتخابات میں ہوگا یا نہیں، کچھ نہیں کہہ سکتے، عام انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال سے پہلے 14 مراحل سے گزرنا ہوگا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ ای وی ایم کے استعمال میں چیلنجز درپیش ہیں،ای وی ایم کے استعمال سے متعلق مزید 3 سے 4 پائلٹ پراجیکٹ کرنا پڑیں گے، ایک پولنگ اسٹیشن پر کتنی مشینیں ہونگی، فگرآؤٹ کرنا باقی ہے۔
رکن کمیٹی عالیہ کامران نے استفسار کیا کہ بلوچستان کے حلقہ بندیاں کیسے ہوں گی ، جہاں انٹرنیٹ نہیں ہے وہاں ای وی ایم مشین کیسے استعمال ہو گی؟، بلوچستان کے عوام مشکل سے ووٹ کاسٹ کرجاتے ہیں۔
ممبر اکرم درانی نے پوچھا کہ میرے حلقے کو دو حصوں میں تقسیم کریں گے؟ ۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ آپ کے سوالات کے جوابات نہیں دے سکتا۔