کوئٹہ:جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔
کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ الیکشن آرہے ہیں تواس انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہاہے، تاہم پی ڈی ایم نے اب کمر کس لی ہے ، ملک کو خلاف آئین اقدامات سے نہیں چلایا جاسکتا اور زبردستی کا کوئی نظام قبول نہیں کرینگے، 25 جولائی2018 ملکی تاریخ سیاہ دن تھا، جس کردار نے 2018 کے الیکشن کرائے اسی کردار نے 17 نومبر کو ترامیم کرائیں، کل 17 نومبر کو51 قوانین پاس کیے گئے، لیکن جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم نے فیصلہ کن جدوجہد کیلیے مشاورت کرلی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ غیر ملکی قوتوں کے پاس اسلامی معاشرے کو بگاڑنے کیلیے عمران خان سے بہتر کوئی نہیں ، میرے پاس اعلیٰ سطح وفد بھیجا گیا جس نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ گزارہ کریں، اس سلسلے میں تین میٹنگ ہوئی میں نے کہا کہ میری ترجیح اپنا مفاد نہیں، مجھے کہا گیا کہ آپ عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہتے ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلافت عثمانیہ کے زوال کے بعد یورپ سرمایے پر قابض ہوگیا، مسلمان اب یورپ کی معیشت کے آگے ہاتھ پھیلا رہے ہیں، دنیا بھر میں تبدیلیاں آرہی ہے ،پاکستان عالمی تبدیلیوں کے زد میں ہے، سپر طاقتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، آنے والے مستقبل میں امریکہ کی بجائے چین معیشت کی قیادت کریگا، ہم نے پاکستان کا مفاد دیکھنا ہے، 70 سال امریکہ کی غلامی میں گزارے ہیں۔