کراچی کے علاقے صدر کی الیکٹرانکس مارکیٹ کے تاجر کے دن دیہاڑے اغوا اور رہائی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ تاجر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق مسلح افراد اسے حب لے گئے، تشدد کیا اور رقم چھین لی۔ مقدمہ کےمتن کے مطابق چمن کے تاجر کو 2 روز قبل دوست نے زمین خریدنے کے بہانے سے پیسے لے کر بلایا، تاجر کو دوست نے پہلے گلشن اقبال میں گھمایا، پھر سفید ڈبل کیبن گاڑی میں مسلح افراد آئے۔
مقدمہ کے متن کے مطابق مسلح افراد تاجر کو اغوا کرکےحب لےگئے، ایک ملزم تاجر کی گاڑی لےکر پیچھے آیا۔ متن کے مطابق ملزمان نے تاجر کی گاڑی کا پیچھا الیکٹرانکس مارکیٹ سے ہی کیا اور تاجر کو اغوا کیا، جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو موجود ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تاجر کا بیان ہے کہ ملزمان نے اس سے سادے کاغذات پر دستخط بھی کروائے ہیں، تحقیقات کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔
اس حوالے سےصدر کراچی الیکٹرانکس مارکیٹ ڈیلر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہمارے تاجر کو انصاف دلایا جائے۔