اٹارنی جنرل نے انکوائری کمیشن بنانے کی مخالفت کردی۔فائل فوٹو
اٹارنی جنرل نے انکوائری کمیشن بنانے کی مخالفت کردی۔فائل فوٹو

نواز شریف اور مریم نواز کو سزا دینے کے حوالے سے آڈیو ٹیپ سامنے آ گئی

اسلام آباد:صحافی احمد نورانی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی  سابق وزیر اعظم نواز شریف اوران کی بیٹی مریم نواز کو سزا دینے کیلیے کی گئی کال کی ریکارڈنگ سامنے آگئی۔ دوسری جانب سابق چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ اس آڈیو میں آوازان کی نہیں ہے، یہ ان کے خلاف گھڑی گئی آڈیو ہے۔

سابق چیف جسٹس سے منسوب آڈیو ریکارڈنگ  میں  انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ، ججمنٹ ادارے دیتے ہیں،اس میں میاں صاحب کو سزا دینی ہےاور کہا گیا ہے کہ ہم نے خان صاحب کو لانا ہے، بنتی ہے نہیں، اب کرنا پڑے گا، بیٹی کو بھی نہیں۔”

مبینہ آڈیو کال میں دوسری طرف موجود شخص نے کہا میرے خیال میں بیٹی کو سزا دینی بنتی نہیں ہے۔

اس پر ثاقب نثار کا کہنا تھا آپ بالکل جائز ہیں ، میں نے اپنے دوستوں سے یہی کہا کہ جی اس پر کچھ کیا جائے اور میرے دوستوں نے اتفاق نہیں کیا ۔ عدلیہ کی آزادی بھی نہیں رہے گی، تو چلیں۔

صحافی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس آڈیو ریکارڈنگ کا فرانزک امریکہ سے کروایا ہے جس کی رپورٹ میں واضح ہوا کہ اس کال میں کوئی ایڈیٹنگ موجود  نہیں۔

احمد نورانی کے مطابق انہوں نے سابق چیف جسٹس سے بات کی تو انہوں نے کہا ” میں  نے کبھی بھی احتساب عدالت کے کسی جج کو نوازشریف کو سزا دینے سے متعلق حکم نہیں دیا۔ فوج یا آئی ایس آئی میں سے کسی نے کبھی اس حوالے سے مجھ پر دباؤ نہیں ڈالا،  میرا میاں نواز شریف سے کوئی بغض نہیں تو میں  ایسا کیوں کروں گا؟۔

دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ انہوں نے یہ آڈیو ابھی سنی ہے، یہ آواز ان کی نہیں ہے، ان کے خلاف اس طرح کی چیزیں بنا کر لائی جا رہی ہیں۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ یہ آڈیو من گھڑت ہے۔