مقدمے کے اندراج کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔فائل فوٹو
مقدمے کے اندراج کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔فائل فوٹو

سپریم کورٹ: آج دوپہر تک نسلہ ٹاورگرانے کا حکم

کراچی:سپریم کورٹ نے آج دوپہر تک نسلہ ٹاورگرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاورکیس کی سماعت کی۔

کمشنرکراچی عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس نے تاحال عمارت نہ گرائے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ اب تک کتنی عمارت گرائی، بتائیں؟، عہدہ چھوڑ دیں، آپ کے کرنے کا کام نہیں،آپ کو یہاں سے سیدھا جیل بھیجیں گے۔

کمشنرکراچی نے عدالت سے معافی مانگی جس پر چیف جسٹس نے کمشنرکو حکم دیا کہ یہاں سے فوری جائیں، نسلہ ٹاورگرائیں، دوپہرکو رپورٹ دیں، نسلہ ٹاورکے ساتھ تجوری ہائٹس کی بھی رپورٹ ساتھ لائیں۔

کمشنرکراچی محمد اقبال میمن دیگر افسران کے ہمراہ عدالت سے سیدھا نسلہ ٹاور پہنچ گئے۔ نسلہ ٹاور کے ٹاپ فلو کو توڑنے کا کام شروع ہو چکاہے ، حفاظتی اقدامات کے تحت فلور کے اندرونی حصے کو توڑا جارہا ہے ۔ کمشنر کراچی کو ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی جانب سے صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ نسلہ ٹاورکو اندر سے توڑنے کا کام جاری ہے اور باہر سے آج شام شروع کردیا جائے گا، نسلہ ٹاور کو روایتی طریقے سے مزدوراورمشین لگا کر توڑا جائے گا، بہت جلد ٹاور گرایا جائے گا۔