اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست میں مافیاز کا راج ہے ، بیس سالہ جدوجہد میں بہت سےدھچکوں کا سامنا کرنا پڑا، طاقت ور لوگ میری کردارکشی کیلیے اسکینڈلز اور جعلی خبریں سامنے لائے۔
وزیراعظم نےایک انٹرویو کے دوران کہا کہ جب سیاست میں آیا تو ملک مشکل صورتحال سے دوچار تھا، لوگ سیاست میں آنے سے ڈرتے تھے کہ مافیاز کے ہاتھوں مار کھائیں گے۔ طاقتور لوگوں نے میری کردار کشی کی لیکن انسان اپنی ناکامیوں سے سیکھتا ہے۔ عزت اور کامیابی صرف اللہ تعالی کی ذات دیتی ہے، مال و دولت نہیں انسان کے اندر غیرت ہونی ضروری ہے۔ با ضمیر شخص کسی کے سامنے نہیں جھکتا، نہ ہی اپنی غیرت کا سودا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کا عزم لے کر سیاست میں آیا، پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا میری زندگی کا مقصد ہے۔ مذہب کے نام پر کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جا سکتی،اللہ تعالی نے مجھے سب سے بڑی دولت ایمان سے نوازا ، سچا ایمان انا پر کنٹرول کرنا سکھاتا ہے، انا کسی بھی شخص کو برباد کر دیتی ہے۔ دوسرے انسانوں کا سوچنے والا اللہ تعالی کا ولی بنتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں طاقتور اور کمزور کیلیے مختلف قوانین مروج ہیں، ہر چیز پر اشرافیہ کا قبضہ ہے، قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ہمیں قانون کو سپریم بنانا ہو گا۔