اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون انتہائی خطرناک ہے جو پاکستان کو بھی متاثر کرے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ 5 کروڑ پاکستانیوں کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی، پاکستان میں کورونا میں کمی آتی جا رہی ہے جس کی وجہ ویکسی نیشن ہے۔
اسدعمر نے کہا کہ کورونا کا نیا ویرینٹ دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، جوانتہائی خطرناک ہے اورپاکستان کو بھی متاثر کرے گا، مگر ویکسی نیشن اس کیلیے مؤثر ہوگی، پاکستان میں اومی کرون کو کنٹرول کرنے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں،اگلے 2 سے 3 دن میں تمام صوبوں میں بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم شروع ہو رہی ہے، تمام پاکستانی اپنی ویکسی نیشن جلدی کرائیں۔
معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ کا پھیلاؤ پرانے وائرس کی نسبت زیادہ تیزی سے ہو رہا ہے، ویکسین میں تاخیر کرنیوالے دنیا بھر میں متاثر ہو رہے ہیں، ہمارے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، کروڑوں ویکسین لگا چکے ہیں مگر کروڑوں ویکسین لگوانا باقی ہے۔