حکومت پارلیمان کو ربڑ اسٹیمپ کے طور پر استعمال کرنے کا وطیرہ اپنائے ہوئے ہے۔فائل فوٹو
حکومت پارلیمان کو ربڑ اسٹیمپ کے طور پر استعمال کرنے کا وطیرہ اپنائے ہوئے ہے۔فائل فوٹو

اپوزیشن نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی’اِن۔کیمرہ‘ بریفنگ کا بائیکاٹ کردیا

اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے بلائی جانے والی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی ’اِن۔کیمرہ‘ بریفنگ کا بائیکاٹ کردیا۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 6 دسمبر کو حکومت کی جانب سے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں ’اِن۔کیمرہ‘ بریفنگ دینے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا اور بتایاگیا تھا کہ قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف ’اِن ۔کیمرہ‘ اجلاس کو بریفنگ دیں گے، جس پر حزب اختلاف میں شامل جماعتوں نے آئین، قانون، قومی سلامتی، عوامی اہمیت کے حامل تمام امور پر ہمیشہ نہایت ذمے دارانہ اور سنجیدہ قومی طرزعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قائد ایوان کی عدم موجودگی اور اہم قومی وعوامی معاملات سے قطعی لاتعلقی کے باوجود اپوزیشن جماعتوں نے قومی سلامتی، اہم قومی معاملات پر بلائی جانے والی بریفنگز اور اجلاسوں میں نہ صرف بھرپور شرکت کی بلکہ متحدہ اپوزیشن کے قائدین اور پارلیمانی لیڈرز نے اپنی تجاویز بھی دیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اہم مسودات قانون(بِلز) کو بلڈوز کرنے کے حکومتی رویے اوراہم آئینی، قانونی، قومی اور سلامتی سے متعلق امورپرمسلسل آمرانہ وفسطائی طرزعمل کی بنا پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس ’اِن کیمرہ‘ بریفنگ کا بائیکاٹ کیاجائےگا۔

اعلامیے کے مطابق متحدہ اپوزیشن میں تمام وہ جماعتیں شامل ہیں جو نہایت بالغ نظر، آئین، ملک اور عوام سے جُڑے نازک مسائل پر وسیع تجربہ اور سنجیدگی کی حامل ہیں، جس نے موجودہ متنازع دور میں بھی پاکستان اور عوام کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے اپنا کردار ہر طرح کے سیاسی فروعی مفادات اور وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ادا کیا ہے، لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ حکومت پارلیمان کو ربڑ اسٹیمپ کے طور پر استعمال کرنے کا وطیرہ اپنائے ہوئے ہے۔