کراچی:انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبارکے اختتام پرڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ کربند ہو گیا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، شدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو تین کھرب سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑگیا ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پرڈالرکی قیمت میں 94 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر175.48 روپے سے بڑھ کرتاریخ کی بلند ترین سطح 176.42 روپے پر بند ہو گیاہے ۔ روپے کی قدرگرنے سے قرضوں کے بوجھ میں 2300ار ب روپے کا اضافہ ہواہے ، مالی سال کے آغاز میں اب تک روپے کی قدر میں 12 فیصد کمی واقع ہو چکی ہے ، یکم جولائی سے اب تک ڈالرکی قیمت میں 18 روپے 88 پیسے اضافہ ہواہے ۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سال کی سب سے بڑی مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس میں 2134.99 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 45 ہزار اور 44 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئیں اور 100 انڈیکس 43234.15 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں زبردست مندی کے باعث 4.74 کی ریکارڈ تنزلی دیکھی گئی جبکہ ٹریڈنگ کے دوران 21 کروڑ 26 لاکھ 45 ہزار 343 شیئرز کا لین دین ہوا۔
شدید ترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 300 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔