سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تین ماہ کا کام ساڑھے تین سال بعد مکمل ہونے کے بعد آج گرین لائن بس کا افتتاح ہونےجا رہا ہے ، اورافتتاح وہ وزیر اعظم کرنے جا رہے ہیں جن کا دور دور تک اس منصوبے سے کوئی تعلق نہیں ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گرین بس لائن کا سارا کام ہم مکمل کر گئے تھے بسیں خریدنےکے پیسے بھی ہماری حکومت نے صوبائی حکومت کو دے دیے تھے ، انہوں نے ٹینڈر کئے جس میں وہ ناکام ہوئے ، کراچی والے جانتے ہیں کہ بسیں خریدنے کیلیے کس نے کتنے پیسے مانگے تھے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک بھی منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا ہو ، وزیر اعظم کو تختیاں لگانے اورافتتاح کرنے کا شوق ہے ۔
چیئرمین نیب پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب ڈیلی ویجز پر کام کرتے ہیں ، کیاچیئرمین نیب کو جعلی ریفرنسز بنانے کا جواب نہیں دینا پڑے گا؟، آج سب عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں ، ان کا ذمہ دار کون ہے ؟، ہم تو چاہتے ہیں کہ عدالتی کارروائی براہ راست دکھائی جائے ، نام نہاد احتساب کرنے والوں کا بھی ایک دن احتساب ہوگا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کو دبانے کیلئے جھوٹے ریفرنس بنائے جاتے ہیں ، یہ چیزیں نہ زیادہ چل سکتی ہیں نہ چلنےوالی ہیں ، ایک بھی ایسا ریفرنس نہیں جس میں کرپشن کا ایک بھی الزام ہو ، کیا قانون لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا حق دیتا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم ایسے پاکستان میں رہتے ہیں جہاں عدالتیں انصاف دینے سے قاصر، میڈیا خاموش اور پارلیمان بند ہے ۔