لاہور:دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہورآج بھی پہلے نمبر پر ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں فضائی آلودگی اوراسموگ کے بدستور ڈیرے ہیں، آج ایک بار پھر لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبرپر موجود ہے، لاہورکا مجموعی ائیرکوالٹی انڈیکس 396 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بھارتی شہر دہلی کا ائیرکوالٹی انڈیکس 236، چین کا شہر وہان 204 کے ساتھ تیسرے جب کہ وتینام ہنوئی چوتھے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی میں کراچی 165 ائیر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ 12ویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب پچھلے کئی روز سے فضائی آلودگی کی وجہ سے شہریوں کو طبی مسائل کا سامنا ہے اور سانس لینا دوبھر ہوگیا ہے، عوام میں نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر انفیکشنز تیزی سے پھیل رہےہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں لہذا بارش نہ ہونے سے اسموگ، فضائی آلودگی برقرار رہے گی ۔