نیویارک:امریکی ریاست کینٹکی میں ہوا کے بگولوں نے تباہی مچادی۔84 سے زائدافراد ہلاک ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاستوں کینٹکی، آرکنساس، الینوائے، میزوری اور ٹینیسی میں طوفان کی رفتار سے چلنے والے بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ کئی عمارتیں، فیکٹریاں، ویئر ہاؤس تباہ، ٹریفک کا نظام معطل اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
طوفانی ہواؤں اور بگولوں نے سب سے زیادہ نقصان ریاست کینٹکی میں پہنچایا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ گریوز کاؤنٹی اور مے فیلڈ ٹاؤن میں بھی عمارتیں تباہ ہوئیں جب کہ گریوز کاؤنٹی کورٹ ہاؤس اور اس سے متصل جیل کو بھی نقصان پہنچا۔
اسی طرح ریاست آرکنساس میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے اور ریاست الینوئے میں ایمیزون ویئر ہاؤس کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
تمام ریاستوں میں امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کینٹکی کے گورنر کے مطابق ہوا کے بگولوں نے جمعہ کی شام اور ہفتے کو کینٹکی سمیت امریکہ کی دیگر ریاستوں میں تباہی مچا دی۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات دل دہلا دینے والی ہیں۔
نیو یارک ٹائمزکے مطابق سب سے زیادہ تباہی مغربی کینٹکی کے علاقے مے فیلڈ میں ہوئی جہاں موم بتیاں بنانے والی ایک فیکٹری کو ایک بگولے نے اس وقت تہس نہس کردیا جب اس میں 110 لوگ موجود تھے۔
گورنر کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں درجنوں لوگ مارے گئے ہوں گے تاہم حتمی تعداد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
امریکی ریاست ٹینی سی میں بدترین موسم نے تین لوگوں کی جان لی ہے۔ ریاست ارکنساس میں بگولے نے نرسنگ ہوم کی چھت اڑا دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ۔ریاست الینوئی میں بگولے نے ایمازون کے ویئر ہاوس کی چھت گرادی جس کے نتیجے میں کئی لوگ پھنس گئے۔