واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔فائل فوٹو
 واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ۔فائل فوٹو

پولیو ٹیم پرحملے میں پولیس اہلکار شہید

ٹانک:خیبر پختونخوا کے گاؤں شادہ گرہ میں پولیو ٹیم پرایک اور حملے میں سیکیورٹی پرمامورایک اہلکار شہید ہوگیا۔

میڈیا کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے گاؤں شادہ گرہ میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا، اور فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل نذیر احمد شہید ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید اہلکار کی لاش اسپتال منتقل کردی، جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ٹانک میں پولیو ورکرز پر حملہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کر نے کے متراد ف ہے ، پولیو سے محفوظ پاکستان کی منزل میں رکاوٹ بننے والے آخری دہشتگرد کو بھی اس کے انجام تک پہنچانا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے ٹانک میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ٹانک میں پولیو ورکرز پر حملہ کرکے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ پولیو سے محفوظ پاکستان کی منزل میں رکاوٹ بننے والے آخری دہشتگرد کو بھی اس کے انجام تک پہنچانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں سے نمٹنے کے لئے اسی عزم کی ضرورت ہے جس کو دوہرا کر سوات میں پاکستان کا پرچم لہرایا تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے پولیو ٹیم پر حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے شہید اہلکار کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔