لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم چاہتی ہے عمران خان ان کی جان چھوڑ دیں۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 100 فیصد مہنگائی کر کے30 فیصد رعایت کا جھوٹ عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ قوم مہنگائی سے مر رہی ہے لیکن اس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ دوائی 3 سے 7 روپے ہو جائے لیکن عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اسی طرح چینی 52 سے 120 روپے کلو، آٹا 35 سے 80 روپے کلو ہو جائے تو بھی وزیر اعظم کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کا کچن کوئی اور چلاتا ہے۔ ڈالر 124 سے 180 پر چلا جائے لیکن عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عمران خان سے قوم کو ایک ہی رعایت چاہیے کہ وہ اس قوم کی جان چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹے میں 450 اور چینی میں 500 ارب کا ڈاکہ پڑ جائے لیکن عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا تاہم اگر عمران خان استعفیٰ دیں گے تو عوام کو فرق ضرور محسوس ہو گا اور عوام کو اس تباہی سے نجات مل جائے گی۔