اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جرمانے کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر پی پی رہنماؤں کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
دورانِ سماعت صوبائی وزیرِ سندھ سعید غنی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے حکام کو بتایا کہ مجھے الیکشن کمیشن کا نوٹس ملا تھا اس لیے پیش ہوا ہوں، میڈیا کے ذریعے علم ہوا کہ مجھ پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
سعید غنی نے الیکشن کمیشن کے حکام کو بتایا کہ پی پی رہنما نثار کھوڑو نہ رکنِ پارلیمنٹ ہیں، نہ ہی مشیر، ضابطۂ اخلاق کے تحت ترقیاتی کاموں کے اعلان پر کارروائی ہوتی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس کا جلسہ تھا۔
ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے انہیں ہدایت کی کہ جرمانے کے خلاف آپ کو اپیل دائر کرنی ہو گی۔
پیپلز پارٹی کے وکیل نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن اپنا نوٹس واپس لے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے خود بھی جرمانہ کیا اورکیس کمیشن کو بھی بھیج دیا۔
سعید غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن حکم کرے تو جرمانہ دینے کو تیار ہوں، مؤقف سنے بغیر جرمانہ کرنا درست نہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹٰی کے یوم تاسیس پر پشاور میں جلسہ کرنے پربلاول بھٹو زرداری اور دیگر پارٹی رہنماؤں پرجرمانہ کیا گیا تھا۔