اجلاس میں افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر غور کیا جائے گا۔فائل فوٹو
اجلاس میں افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر غور کیا جائے گا۔فائل فوٹو

او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس 19 دسمبر کو ہوگا

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا17واں اجلاس 19 دسمبر بروز اتوار اسلام آباد میں منعقد ہوگا، مذکورہ اجلاس بطور صدر سعودی عرب کی دعوت پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا ہے کہ او آئی سی رکن ممالک سمیت اقوام متحدہ اور عالمی مالیاتی ادارے شرکت کریں گے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی، اٹلی اور جاپان کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افغانستان کی عبوری حکومت کی بھی نمائندگی ہوگی، اجلاس میں افغانستان میں انسانی المیے کے حوالے سے غورکیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر غور کیا جائے گا، افغانستان میں خوراک و ادویات کی قلت اور بے گھر افراد کی مدد کا جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق او آئی سی کا اجلاس افغانستان کی موجودہ مالی حالات کے باعث اس کی مدد کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔