کراچی کے علاقے ناظم آباد میں دو ملزمان کیش وین سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئےہیں ۔ذرائع کے مطابق بینک کے اوقات کار ختم ہونے کے بعد رقم منتقل کی جارہی تھی۔
ذرائع کے مطابق ڈکیتی کی واردات شام 7 بجے کے قریب رپورٹ ہوئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
اس حوالے سے پولیس کاکہنا تھا کہ نجی بینک میں رقم کے تین تھیلے منتقل کیے جارہے تھے، تھیلوں میں تین کروڑ سے زائد رقم موجود تھی، ملزمان نے کیش وین سے بینک رقم منتقل کرنے کے دوران فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا، ملزمان اسی گارڈ سے رقم کا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ ہوتے ہی دوسرا گارڈ بینک کے اندر بھاگا اور اس نے بڑی رقم بچالی، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل کراچی کے علاقے تیموریہ میں بھی کیش وین لوٹ لی گئی تھی۔موٹر سائیکل سوار ملزمان نے بینک سے کیش وین میں رقم منتقلی کے دوران بینک عملے پر فائرنگ کر دی۔
ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے کیش بیگ لے کر فرار ہوگئے ۔موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے نجی بینک کے 2 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ملزمان اسلحہ کے زور پر بھاری رقم سے بھرا تھیلہ لے کر فرار ہوگئے۔