لاہور:منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کے شریک ملزم علی احمد خان پرفرد جرم عائد کر دی اور آئندہ سماعت پرگواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 10 جنوری تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ اقبال، منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔ شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے جبکہ حمزہ شہباز نے کمر درد کے باعث حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی۔
دوران سماعت نیب نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کرایا اور کہا کہ حمزہ شہباز کی درخواست ناقابل سماعت ہے، لہذا درخواست مسترد کی جائے۔
نیب نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف کے شریک ملزمان امتیاز حیدر اور بلال قدوائی کی بریت کی درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کر دی، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔