اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے مسلم لیگ ن کی طرف سے آئندہ وزیراعظم کے امیدوار ہونے بارے سوال پر پارٹی کی نائب صدر مریم نواز نے واضح جواب دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 8 سال سے عذاب مسلط ہے ،ان کا بھی حق ہے کہ وہاں نئی سڑکیں بنیں ، سہولیات آئیں ، ہماری جماعت کو بھی خیبرپختونخوا پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، مولانا فضل الرحمن نے خیبرپختونخوا کے الیکشن میں بہت اہم کام کیا ہے، مجھے لگا کہ یہ ہماری فتح ہے ، ہماری جماعت نے ہزارہ میں بہت اچھا کام کیا ، مسلم لیگ ن کا خیبرپختونخوا میں بڑا ووٹ بینک موجود ہے ، وہاں کے عوام کو بھی کہنا چاہوں گی کہ مسلم لیگ ن کو بھی ایک موقع دیں ۔
عام انتخابات میں وزیر اعظم کا امیدوار کون ہوگا کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ میرا شہباز شریف سے باپ بیٹی کا رشتہ ہے ، شہباز شریف صاحب پارٹی صدر ہیں ، پارٹی کے سینئر ترین رہنما ہیں ، میں سمجھتی ہوں کہ وقت آنے پر فیصلہ پارٹی کرے گی ،میں نے ، شہباز شریف صاحب نے اور پارٹی نے عام انتخابات کیلئے وزیر اعظم کے امیدوار کا اختیار میاں نواز شریف کو دے رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف صاحب امیدوار ہوتے ہیں تو ہم ان کے پیچھے کھڑے ہوں گے ۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں ، پی ٹی آئی کی ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں اوراگر کوئی ان کی ٹکٹ لے کر عوام میں جائے گا تو میں اسے مشورہ دوں گی کہ ہیلمٹ پہن کر جائے ، عوام غصے میں بھرے بیٹھے ہیں ۔ نواز شریف کے دور میں 35 روپے والا آٹا آج 80 کا ہو گیا ، 50 والی چینی 150 کی ہے ، ڈالر 100 سے 185 تک پہنچ چکا ہے ، تاریخی نا اہلی اور نالائقی نے عوام کو جینا دوبھر کر دیا ہے ۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کیخلاف ملک بھر سے فیصلے آرہے ہیں ، یہ پہلی حکومت ہے جو اقتدار میں رہتے ہوئے بھی ایک کے بعد ایک ضمنی الیکشن ہار رہی ہے ۔عمران خان کی اگر ذرا سی بھی عزت بچی ہوئی ہے تو انہیں چاہیے کہ فوری طور پر سیٹ چھوڑ دیں ۔
نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مسئلہ افغانستان صرف خطے کی نہیں ، پوری دنیا کی ذمہ داری ہے ، افغان عوام نے بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے ، کشمیر ہماری شہ رگ ہے ، ہمیں وہاں بھارتی مظالم کیخلاف بھی آواز اٹھانی چاہئے ۔
وزیراعظم کی نااہلی کے کیس کے بارے میں سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ” اگر کوئی ذاتی نوعیت کا کیس ہے تو کوئی بات نہیں کروں گی "۔