ٹنڈوالہیار: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر مخالفین کا مقابلہ کرنے جا رہا ہوں، لاہور میں خیمے لگا کر احتجاج کریں گے، بھٹو صاحب نے عوام کے مسائل کو ترجیح دی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے ٹنڈوالہیار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی کام کئے، بلاول اورآصفہ بھٹوکی قیادت میں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، وفاقی حکومت اور ہمارے کچھ مسائل ہیں جو چلتے رہیں گے، ان سے مقابلہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے ملک کو ’’نانی کا ویہڑا‘‘ سمجھ رکھا ہے،کبھی ایک کو بٹھاتے ہیں کبھی دوسرے کو لے آتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ غریبوں اور عوام کا استحصال صدیوں سے ہوتا آرہاہے،ان کا مقابلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، انہوں نے اس ملک کو آئین دیا ہے،عوام کی طاقت سے ان قوتوں کو شکست دیں گے۔
سابق صدر نے کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ ملک میں نیب چلے گی یا سیاست، آج ڈالر کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہے، ضرورت ہی نہیں تھی ڈیویلویشن کرنے کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا قرضہ 30 ارب تھا جو آج بڑھ کر 60 ارب تک ہوگیا ہے، میں نے کل ڈیڑھ سال بعد نواب شاہ شہر کا دورکیا۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ ہم سب کو ایمان دے، ہم سب مل کر ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری ٹنڈوالہ یار میں قادر مری کے بنگلے میں خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔غلام قادر مری کے بنگلے میں آصف زرداری خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے۔ وہ ماسک لگائے جھولا جھولتے اور لوگوں کا حال احوال دریافت کرتے رہے۔
اس دوران آصف زرداری قریب آنے والے لوگوں کو ماسک لگانے کا بھی کہتے رہے۔سابق صدر آصف علی زرداری نواب شاہ اور مٹیاری کے بعد آج ٹنڈوالہیار پہنچے ہیں۔