لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فون نہ بجتے تو مشترکہ اجلاس میں ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کا خاتمہ ہو جاتا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے اپنے بیانیے کے لیے قربانیاں دیں تاہم گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں بہت سی چیزیں دیکھنے کو ملی ہیں اور موجودہ حکومت نے سیاست کو ایک گالی بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی باتیں ہیں جو گزشتہ 74 سالوں میں نظر نہیں آئیں جبکہ بلدیاتی انتخابات میں حکومت کو سہولت کاری میسر نہیں تھی اوراب گیس نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بلے جلا کر ہنڈیا بنا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قائد نے نئی نئی رسمیں ڈالیں اور عمران خان جتنے دلیر ہیں ہمیں سب پتا ہے۔ لوگوں نے بتایا عمران خان جیل میں روتے تھے۔ اب تو شبر زیدی اور رزاق داؤد خود کہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے وعدہ کیا ہے کہ ہم اپنے ہی اسٹیٹ بینک سے پیسہ نہیں نکالیں گے اور اب تو اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی برانچ بنا دیا گیا ہے۔ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ تبدیلی کی اتنی بڑی قیمت پاکستان کو ادا کرنا پڑے گی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عدلیہ میں جو بدترین نام ہیں ان میں ایک نام ثاقب نثار ہے۔ اب تو خلق خدا کی حکمرانی کو بحال کیا جائے جبکہ ترقی کا سفر روک دیا گیا اور نواز شریف کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے شروع ہونے والا سلسلہ کراچی تک چلے گا اورابھی تو یہ بھی پتہ نہیں کہ خیبر پختونخوا کا دوسرا مرحلہ ہوتا بھی ہے یا نہیں اور پنجاب ان کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایک تجربہ ووٹ کو عزت دے کر دیکھیں یہ کامیاب تجربہ ہو گا۔ ایل این جی اس لیے امپورٹ نہیں کی جا رہی تاکہ ڈیزل مافیا کو اوبلائز کیا جائے۔ آج بھی ایل این جی کے پلانٹس بند ہیں اور ڈیزل کے پلانٹس چل رہے ہیں۔