کراچی:پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی تھر کا علاقہ نہیں، معاشی مرکز ہونے کے باوجود حقوق سے محروم ہے، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، حکمرانوں تک آواز نہیں پہنچ رہی اس لئے خود ان کے پاس جانا ہوگا۔
کراچی میں ، پی ایس پی کی جانب سے سندھ کے بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت سےہماری جان چھڑائی جائے، پیپلزپارٹی کی حکومت ملک مخالف کام کررہی ہے،آج کراچی ایک ہے، ہمارا ہدف صرف حکمران ہیں قومیت نہیں،کراچی والے اب زبان کی بنیاد پر نہیں لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں اپنی بات منوانے کے لیے بتاؤ کیا کرنا ہے، پیپلز پارٹی آج کے نوجوانوں کو کل کا دہشت گرد بنارہی ہے، نوجوان شاپنگ مال کی چھت پر چڑھ کر خود کشی کررہے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نوجوانوں کو ریاست سے دور کررہی ہے، زرداری کی نئی نسل پڑھی لکھی ہے، شاید تعلیم نے انکی سوچ کو بدلاہوگا، لیکن بلاول اپنی پچھلی نسلوں سے بھی دو ہاتھ آگے نکلے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج ظلم کو ظلم کہنے والےموجودہیں،پہلے رحمان ملک کی کال پر سب ٹھیک ہوجاتاتھا، لیکن آج وہ رحمان ملک ہیں نہ وہ جماعت ہے،وزیراعلیٰ سندھ نے گٹرلائنوں کا اختیار بھی اپنےپاس رکھ لیا ہے،ان کو جب لات پڑتی ہے تو ان کو یورپ کی جمہوریت یاد آتی ہے، کیا بلاول اپنا بنایا ہوا سندھ کا قانون یورپ جاکردکھا سکتےہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ بلدیاتی قانون میں مقامی حکومتوں سےاختیارات چھین لیےگئےہیں،بلاول بھٹو اپنےبڑوں سے بھی بڑے جاگیردارہیں،ان کےبڑوں کی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا،پیپلزپارٹی کو دوبارہ ملک نہیں توڑنےدیں گے،پیپلزپارٹی حکومت لوگوں کو ریاست سے دور کررہی ہے،میں ریاست کا وفہ دار ہوں پیپلزپارٹی کا نہیں۔