اسلام آباد:جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
دونوں جسٹس صاحبان کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی ،بارش کے باعث ہائیکورٹ کے لان کی بجائے چیف جسٹس بلاک کے اندر منعقد کی گئی۔سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن رمدے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے دونوں جسٹس صاحبان سے حلف لیا ۔
دونوں ججزکو گزشتہ برس دسمبر میں ایک سال کیلیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججزکے طورپر تعینات کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت کی منظوری سے اسلام آباد ہائی کورٹ کیلیے دو ججز جسٹس طارق محمود جہانگیری اورجسٹس بابر ستارکی بطور مستقل جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق جب سے دونوں ججزنے حلف لیا تب سے مستقل تصور ہوں گے۔