کراچی:صوبائی محکمۂ اسکول ایجوکیشن نے سندھ کے 4 ہزار901 غیر فعال سرکاری اسکولوں کو ختم کردیا جس کا سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ختم کیے گئے اسکولوں میں کراچی کے61 اسکول بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے ساتھ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، چیف مانیٹرنگ آفیسرزاورریفارم سپورٹ یونٹ کے کوآرڈینیٹرز کے ذریعے مشترکہ طورپرکیے گئے علاقوں کی جانچ کے پیشِ نظر4 ہزار901 غیر فعال اسکول جو زمین پر موجود ہی نہیں ہیں (یعنی جن اسکولوں کی عمارت نہیں، انرولمنٹ نہیں اور کوئی استاد بھی نہیں ہے) انہیں فوری طور پر ڈی نوٹیفائیڈ/ ختم کردیا گیا ہے۔