لاہور میں مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تصاویر سامنے آ گئیں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایم پی اے بلال یاسین پر جس مقام پر حملہ کیا گیا وہاں پر سیف سٹی اتھارٹی کا لگا کیمرہ خراب نکلا ، حملہ آوروں نےاپنے چہرے رومال سے چھپا رکھے تھے مگر کچھ دور جا کر انہوں نے چہرے سے رومال ہٹا دیے جس کے باعث ان کی تصاویر سامنے آگئیں ۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مبینہ حملہ آور نے سبز اور ایک نے کالی جیکٹ پہن رکھی تھی تاہم جائے حادثہ سے پچاس میٹردور لگا سیف سٹی اتھارٹی کا کیمرہ بھی خراب نکلا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ ملزمان کی تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئی ہیں، مشتبہ افراد کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں اور وہ جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
دوسری جانب پولیس نے شاہدرہ تک 60 نجی ڈی وی آرز کی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں ، دوران تفتیش علم ہوا ہے کہ حملے میں دیسی کی بجائے ترکش نائن ایم ایم کا پستول استعمال ہوا ہے ، پولیس تین اسلحہ ڈیلرز کو حراست میں لے کرتفتیش کر رہی ہے ۔
دوسری جانب بلال یاسین لاہورکے میو ہسپتال کے سرجیکل آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی ۔