کراچی: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شہرقائد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا،ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے بڑی شاہراہوں پرٹریفک جام ہو گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیر شاہ ، ماڑی پور، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ماڑی پور، ناظم آباد اور سائٹ ایریا سمیت کئی علاقوں میں بارش نے موسم کومزید سرد کردیا۔بارش کی بوندیں پڑتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی معطل ہوگئی۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں احتیاطی طورپربجلی بند کی گئی ہے، بارش کی صورت میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری ٹوٹے تاروں، ٹی وی، انٹرنیٹ کیبلز، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بارش اور پانی میں موٹر جیسے آلات کا استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج شام کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کررکھی ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث کراچی ، حیدرآباد،سکھر، لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کا امکان ہے تاہم یہ سلسلہ جمعے تک جاری رہےگا۔