سوات ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔فائل فوٹو
سوات ، گلگت بلتستان اورکشمیر میں برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔فائل فوٹو

مری میں موت کا رقص۔ 23 افراد ٹھٹھرکر جاں بحق

اسلام آباد:مری میں برف باری میں پھنسے سیاحوں پر قیامت صغریٰ ڈھا دی،شدید سردی سے ٹھٹھرکر خواتین اور بچوں سمیت 23 افراد  جاں بحق ہوگئے،حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے فوج اور سول آرمڈ فورسز کو طلب کرلیا گیا جو امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

مری میں دو روز سے برفباری جاری تھی اورگزشتہ رات بھی برفباری جاری رہی۔ صبح جب شہریوں نے برفباری میں پھنسی گاڑیوں کے دروازے کھولنے کی کوشش کی تو کئی گاڑیوں میں سیاح بے ہوش تھے یا پھران کی موت واقع ہو چکی تھی۔

ملک کے پُرفضا مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے جس کے بعد اسلام آباد سے مری جانے والے راستے بند کردیے گئے۔مری میں گزشتہ روز ہونے والی شدید برفباری اور طوفان کے باعث ہزاروں گاڑیاں سڑک پر پھنس گئی تھیں ۔

پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ریسٹ ہاؤسزاور دفاتر سیاحوں کے لیے کھولنے کی ہدایت کردی۔

مری ریسکیو آپریشن کی کمانڈ ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر رحمان کر رہے ہیں۔اب تک 23 جاں بحق افراد کی باڈیزکو ریکور کیا چکا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 10 مرد، چھ بچیاں، چاربچے اور دو خواتین شامل ہیں۔ریسکیو 1122 کی پہلی ترجیح پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کرنا ہے۔جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو آرمی لاجسٹ اسکول کلڈنہ منتقل کردیا گیا ہے۔

مری میں انتقال کرنے والوں میں گوجرانوالہ کے 31 سال کے اشفاق ولد یونس شامل ہیں۔اس کے علاوہ انتقال کرنے والوں میں لاہور کے 31 سال کے معروف ولد اشرف بھی شامل ہیں جبکہ گاڑی میں انتقال کرنے والے ایک شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ انتقال کرنے والوں میں اسلام آباد کا اے ایس آئی نوید اقبال، ان کی اہلیہ، 4 بیٹیاں اور دو بیٹے بھی شامل ہیں جبکہ انتقال کرنے والوں میں 46 سال کے محمد شہزاد ولد اسماعیل بھی شامل ہیں اور 35 سال کی مسز شہزاد عمران اور ان کے 2 بچے بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق انتقال کرنے والوں میں 21 سال کے محمد بلال ولد غفار بھی شامل ہیں جبکہ 24 سال کے محمد بلال حسین ولد سیدغوث بھی انتقال کرنے والوں میں شامل ہیں۔

اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں تعینات اے ایس آئی نوید اوران کے خاندان کے 8 افراد بھی ایک گاڑی میں سوار تھے، تمام افراد برف باری اور سردی میں جان کی بازی ہارگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مری واقعے میں اے ایس آئی نوید ان کی 3 بیٹیاں اورایک بیٹا جاں بحق ہوئے، جب کہ اے ایس آئی سمیت فیملی کے جاں بحق پانچ افراد کا تعلق تلہ گنگ سے ہے۔