اسلام آباد:پاکستان میں کورونا وائرس پھر سے زور پکڑنے لگا ، ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 3.10 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 49 ہزار 658 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 572 نئے کیسز سامنے آئے ۔ مہلک وائرس سے 7افراد جاں بحق بھی ہوئے ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا کے باعث 28 ہزار 969 افراد کی اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 13 لاکھ چار ہزار 58 تک پہنچ گئی ہے ۔
سندھ کورونا سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا صوبہ ہے جہاں 4 لاکھ 86 ہزار 740 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ، سندھ میں 7 ہزار 681 افراد کی اموات ہوئیں جبکہ 10 ہزار 394 کیسز اب بھی موجود ہیں ۔ کورونا کے باعث اموات کے لحاظ سے پنجاب دوسرا بڑا صوبہ ہے ، پنجاب میں چار لاکھ 47 ہزار 530 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ 13 ہزار 79 افراد کی اموات ہوئیں ، صوبے میں چار ہزار 678 کیسز موجود ہیں ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک لاکھ نو ہزار 283 افراد کورونا کا شکار ہوئے ،967 کی اموات ہوئیں جبکہ 685 اب بھی زیر لاج ہیں ۔ خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 715 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ، پانچ ہزار 942 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ 602 اب بھی زیر علاج ہیں ۔
بلوچستان میں کورونا کے 33 ہزار 658 کیسز سامنے آئے جبکہ 367 کی اموات ہوئیں ، 35 مختلف ہسپتالوں میں موجود ہیں ۔ گلگت بلتستان میں 10 ہزار 430 افراد کورونا کا شکار ہوئے ، 186 جاں بحق ہوئے ، گلگت میں کورونا کا صرف ایک مریض موجود ہے ۔ آزاد جموں و کشمیر میں 34 ہزار 702 افراد میں کورنا وائرس کی تشخیص ہوئی ، 747 افراد مہلک وائرس کی نذر ہوئے جبکہ 37 موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔