اسلام آباد:وزیر خزانہ شوکت ترین نے واضح کر دیا کہ سٹیٹ بینک پر حکومت پاکستان کا کنٹرول ہی برقرار رہے گا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں روپے کو مصنوعی طریقے سے روک کر 60 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچایا گیا ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان مادر پدر آزاد نہیں ہو گا،
ان کا کہناتھا کہ حکومت بورڈ آف ڈائریکٹرزکے نام نامزد کرے گی، بورڈ ارکان کے تقررکی منظوری کا اختیار بھی حکومت کے پاس ہو گا، اسٹیٹ بینک پر حکومت پاکستان کا کنٹرول برقرار رہے گا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ میں منتخب سینیٹر ہوں،اگر ہم سینیٹ کو پارلیمنٹ نہیں سمجھتے تو اسے بند کر دیں ۔ شوکت ترین کے الفاظ پر کمیٹی کے رکن اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ وزیر خزانہ پارلیمان کے سامنے ہیں،اس آواز میں بات نہیں کر سکتے۔ چیئرمین کمیٹی فیض اللہ کموکا نے کہا کہ احسن صاحب، آپ سینئر سیاستدان ہیں،میں آپ کو فلور دوں گا، آپ اپنی باری پر بولیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہاں وزیر خزانہ پارلیمنٹ کے ممبران کو ڈانٹ رہے ہیں ، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر کسی ممبر پارلیمنٹ کو ڈانٹا گیا تو میں کمیٹی میں نہیں بیٹھنےدوں گا۔