ملک بھر میں 147 یونیورسٹیاں اورڈگری دینے والے ادارے غیر قانونی قرار

لاہور: ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 147 غیر رجسٹرڈ یونیورسٹیوں اور ڈگری دینے والے اداروں کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے جن میں سے 97 اداروں کاتعلق پنجاب سے ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے ملک بھرکی 147 غیر قانونی اورغیر رجسٹرڈ یونیورسٹیوں اورکالجوں کی فہرست جاری کردی گئی ہے،اتھارٹی کی جانب سے خبردارکیا گیاہے کہ ان میں داخلہ لینا غیر قانونی ہو گا ۔

لاہور میں ڈگری دینے والے دس اداروں کو غیر قانونی قرار دیا گیاہے ، جن میں مسلم ٹاون پر واقع انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل اسٹڈیز ، نیو مسلم ٹاون میں واقع کالج آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، کالج آف ایجوکیشن، فیروز پور روڈ پر واقع میٹرکس انسٹی ٹیوٹ آف ایمرجنسی سائنسز؛ قائداعظم کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ، گلبرگ میں واقع سینٹر فار ہیلتھ اینڈ پاپولیشن سٹڈیز ؛ کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن ، گارڈن ٹاون میں لاہور سکول آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ ائی ڈی اورانسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر ٹیکنالوجی فیروز پور روڈ شامل ہیں ۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے طلبہ کو پنجاب کی ان 97 یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے سے روک دیاہے اور انہیں غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ جو طلبہ ان میں تعلیم حاصل کریں گے اور گریجویشن کریں گے ان کی ڈگری قابل قبول نہیں ہوگی ۔