لانگ مارچ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی۔فائل فوٹو
 لانگ مارچ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی۔فائل فوٹو

حکومت کو رخصت کرنے کے تمام آپشن پر غور کریں گے۔مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا، اب عوام براہ راست اپنے حق کی جنگ لڑے گی۔

قومی اسمبلی مین اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت اور پی ڈی ایم کی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع نے  بتایا کہ شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کے مابین ہونے والی ملاقات میں پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے پر بھی مشاورت کی گئی، جب کہ منی بجٹ بل کو ناکام بنانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی غور کیا، اور حکومتی کارکردگی سمیت، سانحہ مری میں حکومتی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے کافی عرصہ سے ملاقات نہیں ہوئی تھی، ان کو خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی، آپ نے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو شکست فاش دی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو مشاورت کے ساتھ 25 جنوری کے قریب سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق ہوا ہے، اجلاس میں مہنگائی مارچ اور تنظیمی امور پر گفتگو ہوگی، ملاقات میں حکومت کے ظالمانہ اقدامات اور منی بجٹ کے نئے طوفان سے متعلق گفتگو ہوئی اور طے کیا کہ متحدہ اپوزیشن مل کر اس کا مقابلہ کرے گی۔ 74 سال میں پاکستان اپنے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، معاشی چیلنجز ہوں خارجی مسائل ہوں مشکل حالات ہیں، میں نے 74 سال میں تحریک انصاف سے زیادہ نااہل حکومت نہیں دیکھی، وقت آگیا ہے کہ تمام آئینی قانونی اور سیاسی ہتھیار استعمال کئے جائیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوفوری رخصت کرنے کے تمام آپشن پربھی غورکیا جائے گا، حکومتی اتحادی جماعتوں نے کس امید سے اتحاد کیا تھا، حکومتی اتحادیوں سے بھی اپیل کرتے ہیں اب ملکی مفاد، غریب آدمی کے لیے سوچیں، منی بجٹ، سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف سے وابستہ کیا جا رہا ہے، دوبارہ ہم آزاد ریاست کو کالونی بنانے کی طرف جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا کیونکہ حکومت کو غریب آدمی کا کوئی احساس نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں پوری قوم شریک ہوگی اوراب عوام براہ راست اپنے حق کی جنگ لڑے گی جبکہ لانگ مارچ میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا اور ن لیگ کی حکومت میں ہی بجلی کی پیداوار میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا۔ ہم بند کمروں میں افتتاح کے قائل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو عوامی ریلی کے ذریعے ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ریلی لے کر جائیں گے اور25جنوری کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بھی ہو گا۔ جس میں لانگ مارچ اور دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں اب ملکی مفاد اور غریب آدمی کا سوچیں۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں فوج طلب کرنے کی مخالفت کرتے ہیں اورالیکشن کمیشن غلام بنے نہ اپنے آپ کو متنازع بنائے۔