اسلام آباد:پارلیمنٹ کے باہر مسلح شخص کی جانب سےاسلحہ لہرانے پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں،مذکورہ شخص کو گرفتارکرکے تھانہ منتقل کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق منی بجٹ بل کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے، مظاہرے کے دوران ایک مسلح شخص کلاشنکوف لے کر مظاہرے میں گھس گیا، جسے دیکھ کر پولیس اہلکاروں میں شدید تشویش پھیل گئی اور مسلح شخص کی گرفتاری کے لئے پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے بڑی تگ و دو کے بعد مسلح شخص کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا، تاہم بعد میں پتہ چلا کہ مسلح شخص مفتی کفایت اللہ کا گارڈ تھا، جسے اسلحہ لہرانے پر پولیس نے گرفتارکرکے تھانہ منتقل کردیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کو اسلحہ کی نمائش پرگرفتار کیا گیا، پارلیمنٹ کے باہرلائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش بھی ممنوع ہے۔